ٹیسٹ سیریز:شاہین،نسیم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا امکان
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم جنوبی افریقا سے شکست کے بعد اب ویسٹ انڈیز سے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ سیریز کیلئے تیار ہے جس کا ممکنہ سکواڈ سامنے آگیا۔
صائم ایوب کے ٹخنے کا لندن کے کلینک میں دوسرا چیک اپ ہوگیا،اس موقع پر صائم ایوب نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ ٹخنہ سٹیبل ہے اور ٹانگ پر ہلکا وزن ڈال سکتا ہوں،اظہر محمود کا کہنا تھا کہ صائم کے علاج کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہورہی ہے ، معائنے کی رپورٹ جلد سامنے آجائے گی، سرجری کا فیصلہ میڈیکل پینل کرے گا مزید آرام کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں صائم کی جگہ عبداللہ شفیق کی شمولیت کا قوی امکان ہے ۔کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر پاکستان کا ٹاپ آرڈر بنائیں گے ۔اس کے علاوہ مڈل آرڈر میں کامران غلام، سعود شکیل اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، سلمان علی آغا شامل ہوں گے ۔تاہم یہ امکان بھی ہے کہ سلمان علی آغا کو چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے آرام کا موقع دے کر اُن کی جگہ قاسم اکرم کو سکواڈ میں جگہ دی جائے ۔ جہاں شاہین آفریدی کام کے بوجھ کے انتظام کی وجہ سے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، وہیں ان کے دیرینہ ساتھی نسیم شاہ کو بھی آئندہ ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے نظر انداز کیا جا سکتا ہے ۔ محمد عباس ممکنہ طور پر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں گے ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میں نسیم شاہ کو آرام کا موقع دینے کا مقصد چیمپئنز ٹرافی پر فوکس ہے ۔ شاہین اور نسیم کی غیر موجودگی میں میر حمزہ اور خرم شہزاد ممکنہ طور پر فارم میں محمد عباس کے ساتھ پاکستان کی تیز رفتار بیٹری کی قیادت کریں گے ۔