چیمپئنز ٹرافی : قومی دستے کی بھرپور مشقیں ، حارث بھی ان ایکشن

کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، دوسرے دن بھی کھلاڑیوں نے جم کر پریکٹس کی۔
نیشنل سٹیڈیم کے اوول گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم نے دوسرا پریکٹس سیشن کیا، اس دوران فاسٹ بالر حارث رؤف نے بھی بالنگ کی۔فاسٹ بالر حارث رؤف نیوزی لینڈکے خلاف پہلے میچ میں انجرڈ ہوئے تھے ، ایک ہفتے مکمل آرام کے بعد حارث نے گزشتہ روز نیٹس پر ہلکی پھلکی ٹریننگ شروع کی۔ حارث رؤف نے سیشن کے آغاز میں تنہا نیٹس پر گیندیں کرائیں۔اس دوران حارث رؤف نے بالنگ کی لیکن وہ چند ہی اوور کرانے کے بعد تھرو کی پریکٹس کرتے نظر آئے جبکہ ٹیم کے دیگر بالرز پورے ردھم کے ساتھ بالنگ اور بیٹر بیٹنگ کرتے رہے ۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے اوول گراؤنڈ میں تین گھنٹے تک بھرپور پریکٹس کی، کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ اور بالنگ کی پریکٹس کی۔ٹریننگ سیشن کے آغاز میں کھلاڑیوں نے ایکسرسائز ڈرلز میں حصہ لیا۔ دوسری طرف سابق فاسٹ بالر محمد عامر نے حارث رؤف کی انجری سے متعلق قومی کرکٹ ٹیم کو خبردار کر دیا ہے ۔ محمد عامر نے کہا کہ اگر حارث رؤف انجری سے مکمل نجات حاصل نہیں کر پا رہے تو قومی ٹیم کو انہیں چیمپیئنز ٹرافی کے میچز میں شریک کروا کر خطرہ مول نہیں لینا چاہیے ۔ عامر نے کہا کہ محض تین میچز کے لیے اپنے کیرئیر کو خطرے میں ڈالنا بے وقوفی ہوگی کیونکہ انجری کے ساتھ حارث رؤف میچ میں اپنا 100 فیصد نہیں دے سکیں گے ۔ حارث رؤف سائیڈ سٹرین انجری کا شکار ہیں تو وہ چھ ہفتوں سے قبل مکمل ٹھیک نہیں ہو سکتے لیکن اگر ایسا نہیں تو پھر معاملہ مختلف ہے ۔