اُسامہ میر پی ایس ایل میں نمایاں پرفارمنس دینے کیلئے پرعزم
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر اسامہ میر نے پی ایس ایل میں نمایاں پرفارمنس دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کا ٹیم کے لیے بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بھی نمایاں کردار نظر آئے گا۔ پی ایس ایل کے لیے اچھی تیاریاں ہوئی ہیں۔
، اس سے پہلے ملتان میں کیمپ تھا، اس میں بھی اچھی تیاری کی، ٹیم نے کراچی کی کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے پلاننگ کی ہے ، امید ہے کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کریں گے ۔پچھلے 3 مسلسل فائنل ہارنے کے بعد اس بار ملتان سلطانز کو کیا مختلف کرنا ہوگا کہ وہ اس بار کامیاب ضرور ہو تو آل راؤنڈر نے کہا کہ اس بار فائنل میں آئے تو پہلی کوشش ہوگی کہ میچ آخری گیند تک نہ جائے ، اس بار ٹائٹل ضرور جیتیں گے ۔ پچھلے 2سیزن میں بڑی اچھی پرفارمنس رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ اس سلسلے کو جاری رکھیں۔ اپنی کارکردگی میں پہلے سے بہتری لانا ان کا عزم ہے ، کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل 10 میں اپنے تجربے کی مدد سے ٹیم کو بولنگ سے میچز جتوائیں۔ ایک سوال پر آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سب سے اہم ٹورنامنٹ ہے ، یہاں کی پرفارمنس پلیئرز کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے میں مدد دیتی ہے ۔ نوجوانوں کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے تو سینئرز کو بھی کم بیک کا چانس ہوتا ہے ، ان کی بھی کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھائے ۔