مسلسل 3میچز جیتنے پر قومی ویمنز ٹیم کے اعزازمیں خصوصی تقریب

لاہور ( سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کوالیفائر کے پہلے 3میچز میں مسلسل جیت پر لاہور کے نجی ہوٹل کی جانب سے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔۔
جس میں مسلسل 3میچز جیتنے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔کپتان فاطمہ ثنا، ہیڈ کوچ محمد وسیم، منیجر ٹیم حنا منور نے ہوٹل مینجمنٹ کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔تقریب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی تمام کھلاڑیوں،کوچز، مینجمنٹ سٹاف نے شرکت کی ۔ہوٹل کے اے جی ایم مسٹر وینگلس،ڈائریکٹر سیلز جیب اللہ کامران ، پبلک ریلیشنز ہیڈ فاطمہ عطاء اور دیگر بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔ہوٹل مینجمنٹ نے مسلسل 3میچز جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی اور اگلے میچز کے لئے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ مسٹر وینگلس نے کہا کہ امید ہے کہ اگلے دونوں میچ بھی پاکستانی ٹیم جیتے گی،ہم سب پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر بہت خوش ہیں۔