ملکی و غیر ملکی خواتین کھلاڑیوں ، آفیشلز کا واہگہ بارڈر کا دورہ
لاہور( سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرمیں شرکت کیلئے پاکستان آنے والی ٹیموں ، آفیشلز اورامپائرز کو چیئرمین پی سی بی نقوی کی دعوت پر واہگہ بارڈر کا دورہ کرایا گیا۔
پاکستانی و غیر ملکی خواتین کھلاڑیوں نے پاکستانی پرچم اتارنے کی ولولہ انگیز تقریب دیکھی ،غیر ملکی خواتین کھلاڑی،میچ آفیشلز اور امپائرز تقریب سے بہت محظوظ ہوئے ۔ کھلاڑیوں نے پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے نعرے بھی لگائے ۔رینجرز کے جوانوں کی پریڈ پر ویمنز کھلاڑیوں نے بھر پور داد دی۔ خواتین کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پاکستان رینجرز پنجاب کے جوانوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں اورسیلفیاں لیں اور شاندار و پر جوش تقریب کی تعریف کی۔غیر ملکی کھلاڑیوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ایک منفرد تقریب تھی، رینجرز کے جوانوں اور لوگوں کاجوش و خروش دیدنی تھا،پاکستان رینجرز پنجاب کی جانب سے ٹیمز کی کپتان کو سوینئرز بھی دئیے گئے ۔