قومی ویمنز ٹیم کا کرکٹ ورلڈکپ 2025 کیلئے کوالیفائی

قومی ویمنز ٹیم کا کرکٹ ورلڈکپ 2025 کیلئے کوالیفائی

لاہور (سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان ویمنز ٹیم نے اپنے چوتھے میچ میں تھائی لینڈ کو 87رنز سے شکست دیدی اورساتھ ہی باضابطہ طورپر آئی سی سی ورلڈ کپ 2025 کیلئے کوالیفائی کرلیا۔۔۔

 جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی رواں برس ہونیوالا میگا ایونٹ کھیلنے کی اہل ہوگی۔قذاقی سٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے چوتھے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 205 رنز بنائے ،سدرا امین نے 9 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے ۔ کپتان ثنا فاطمہ نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔تھائی لینڈ کی تھپاچہ پوٹھاوونگ نے 2 جبکہ کمچومپھو اور مایا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 35 ویں اوورز میں محض 118 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، نانا پت 19 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا، رامین شمیم اور نشرا سندھو نے 3،3 جبکہ سعدیہ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دریں اثنا بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے سکاٹ لینڈ کو شکست دینے کے بعد رواں برس ستمبر اکتوبر میں بھارت میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیاہے ۔ دوسری جانب ٹورنامنٹ بھارت میں ہونے کے باعث پاکستان کے میچز میزبان ملک میں نہیں ہوں گے ۔ اس کے بجائے ، گرین شرٹس کے ورلڈ کپ کے تمام میچز بھارت سے باہر کسی نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں