بھارت کا پاکستان کیساتھ کرکٹ نہ کھیلنے کااعلان

ممبئی (سپورٹس ڈٰسک )مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے سیاحتی مقام پر ہونے والے حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت سیریز سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پہلگام میں حملے کے بعد بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے دو طرفہ کرکٹ میں ہندوستان کے ساتھ پاکستان کا سامنا کرنے پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ ہم آئندہ مستقبل میں ہونے والی کسی دو طرفہ سیریز میں پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلیں گے ۔بی سی سی آئی کے نائب صدر نے مزید کہا کہ ہم متاثرین کے ساتھ ہیں اور اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ہماری حکومت جو کہے گی ہم کریں گے ، حکومتی مؤقف کی وجہ سے ہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلتے اور ہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ معاملات میں آگے نہیں کھیلیں گے ۔ جب آئی سی سی ایونٹ کی بات آتی ہے تو ہم آئی سی سی کی وجہ سے کھیلتے ہیں، آئی سی سی کو بھی معلوم ہے جو کچھ ہو رہا ہے وہ اس پر ردعمل دے گا۔واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان آخری بار 2012 اور 2013 کے سیزن میں دو طرفہ سیریز میں آمنے سامنے آئے تھے اور بھارت نے آخری بار 2008 میں ایشیا کپ میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔