سپر لیگ:گلیڈی ایٹرز نے زلمی کو 64 رنز سے ہرا دیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپرلیگ کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے ۔ مارک 33 جبکہ مینڈس اور سعود شکیل 32، 32 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے ۔زلمی کے جوزف نے تین جبکہ صائم ایوب نے دو اور لک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو صائم ایوب 17 کے مجموعی سکور پر صرف 7 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے ، اس کے بعد محمد عامر نے بابر اعظم کو 12 رنز اپنا شکار بنا کر پویلین بھیجا ۔زلمی کے حسین طلعت 39رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے ۔ پشاور زلمی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 16 ویں اوورز کی دوسری گیند پر 114رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ گلیڈی ایٹرز کے مین آف دی میچ فہیم اشرف نے 3.2 اوورز میں 33 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔