پی ایس ایل دبئی منتقل،آئی پی ایل کاجاری میچ منسوخ

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے حملے کے خوف کے باعث انڈین پریمیئر لیگ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹل کے درمیان دھرم شالامیں جاری میچ بلیک آؤٹ کے باعث منسوخ کردیا گیا۔۔۔
جبکہ بھارت کی جانب سے ڈرون حملوں کے بعد پاکستان سپر لیگ سیزن 10کو شدید خطرات لاحق ہونے پر باقی میچز دبئی منتقل کر دئیے گئے ۔میڈیا رپورٹس کیمطابق بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالا میں ہونے والے آئی پی ایل میچ کے دوران لائٹس اچانک بند ہوگئیں۔دھرم شالہ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹل کے درمیان میچ جاری تھا کہ فلڈ لائٹس بند ہوگئیں، 15 منٹ تک مکمل بلیک آؤٹ ہونے کے بعد میچ منسوخ کردیا گیا۔بعد ازاں انتظامیہ نے سٹیڈیم کو فوری طور پر خالی کرالیا۔یاد رہے کہ دھرم شالہ میں 11 مئی کو شیڈولڈ پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کا میچ بھی احمدآباد منتقل کر دیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ ممبئی انڈینز کی ٹیم نے ممبئی سے روانہ ہونا تھا مگر ایئرپورٹس کی بندش کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا، دھرم شالا اور اطراف کے ایئرپورٹس کی بندش کے باعث ممبئی انڈینز کی ٹیم کا ممبئی سے دھرم شالاپہنچنا ناممکن تھا۔
آئی پی ایل میں شامل غیر ملکی پلیئرز اپنی سکیورٹی کے حوالے سے سخت پریشانی کا شکار ہیں۔دوسری طرف بھارت کی جانب سے ڈرون حملوں کے بعد پاکستان سپر لیگ سیزن 10کو شدید خطرات لاحق ہونے پر باقی میچز دبئی منتقل کر دئیے گئے جبکہ راولپنڈی میں گزشتہ روز شیڈولڈ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا میچ ملتوی کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب ایک ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا جس نے سکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا ۔ پی سی بی، فرنچائزز اور غیر ملکی پلیئرز کی میٹنگ طلب کی گئی، غیر ملکی کھلاڑیوں کی رائے کی روشنی میں میچز کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔میچز کراچی میں کرانے کا حتمی فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے کیا گیا۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ابھی تک آن ہے ۔ پی سی بی کے مطابق راولپنڈی کے منسوخ میچ کے وی آئی پی گیلری اور انکلوژرز کے ٹکٹ رکھنے والے حضرات میچ کیلئے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے رقم واپس حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کی رقم خود بخود اسی اکاؤنٹ میں واپس کر دی جائے گی جو بکنگ کے وقت استعمال کیا گیا تھا۔