آسٹریلیا کو شکست، جنوبی افریقہ پہلی بار ٹیسٹ چیمپئن بن گیا

لارڈز(سپورٹس ڈیسک )جنوبی افریقہ کا آئی سی سی ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے کا خواب 27سال بعدپوراہوگیا اور۔۔۔
پروٹیز نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دیکر 1998 کے بعد پہلی بار آئی سی سی ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے چوتھے دن فاتح ٹیم کے بیٹر ایڈن مارکرم نے 136رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔لارڈز پر کھیلے گئے فائنل کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے 213 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی تو اُسے تاریخی کامیابی کے لیے مزید 69 رنز کی ضرورت تھی،کپتان ٹیمبا باووما 4 رنز کے اضافے پر ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ، انہوں نے 66 رنز کی شاندار باری کھیلی، ان کی ایڈین مارکرم کے ساتھ تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت نے ٹیم فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔اسٹبس مارکرم کا پوری طرح ساتھ نہ دے سکے ، وہ241 کے مجموعی سکور پر آٹھ رنز بنا کر واپس لوٹ گئے ، جس کے بعد ڈیوڈ بیڈنگھم اور مارکرم آہستہ آہستہ ٹیم کو کامیابی کی جانب لے جارہے تھے مگر فتح سے صرف 6 رنز کی دوری پر مارکرم آؤٹ ہوگئے ۔وہ 136 رنز بناکر پویلین لوٹے ، اُنہوں نے 207 گیندوں کا سامنا کیا اور 14 چوکے لگائے ، جیت کیلئے درکار بقیہ 6 رنز بیڈنگھم اور ورینی نے جورڑکر 282رنزکاٹارگٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کو آئی سی سی ایونٹ کا ٹائٹل جتوادیا۔بیڈنگھم 21 اور ورینی 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ، شاندار اننگز کھیلنے پر مارکرم پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔