ویسٹ انڈیز سخت حریف ، سلمان نے سیریز کو مشکل قرار دیدیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ویسٹ انڈیز کو سخت حریف قرار دے دیا۔میڈیا سے گفتگو میں سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز آسان نہیں۔۔۔
کامیابی کے لیے ہر شعبے میں اچھی پرفارمنس دینا پڑے گی۔انہوں نے بتایا کہ بہترین پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور تمام میچز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔سلمان علی آغا نے کہا کہ امریکا میں موسم گرم ہے ، ٹریننگ سیشن بھرپور کیے ہیں جس میں پاور ہٹنگ پر توجہ زیادہ رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کو سامنے رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز اہم ہے جبکہ ٹی ٹونٹی میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ کافی جارحانہ ہوتی ہے تاہم ہم نے بھی تیاری کر رکھی ہے ۔ٹی ٹونٹی کے کپتان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی کی واپسی خوش آئند ہے ، اس طرح سینئرز اور جونیئرز کا اچھا مجموعہ بن گیا ہے ۔ ہم اس شاندار وینیو پر کھیلنے کے منتظر ہیں اور ہمارا یہاں اب تک کا وقت دلچسپ رہا ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی اچھے ہوں گے ۔ہمارے پاس اپنے سکواڈ میں نوجوانوں اور تجربے کا عمدہ امتزاج ہے اور یہ بہت اچھی بات ہے کہ ہم ایک اور سیریز میں جا رہے ہیں کیونکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں تیزی آرہی ہے ۔ویسٹ انڈیز ایک مضبوط ٹیم ہے حالانکہ ان کے نتائج حال ہی میں ٹھیک نہیں آرہے پر اس سیریز میں ان کو ہمیں ہرانے کیلئے بہترین کھیل کھیلنا پڑے گا۔