پاکستانی مداح کو سٹیڈیم سے نکالنے پر لنکاشائر کی معافی
لندن(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ اور بھارت کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کی ٹی شرٹ پہننے پر مداح کو سٹیڈیم سے نکالنے کے واقعے پر لنکا شائر کانٹی کلب نے معذرت کرلی۔
پاکستانی مداح فاروق نذر نے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس میں دکھایا گیا کہ کس طرح سکیورٹی اہلکار نے ان سے کہا کہ وہ اپنی سبز رنگ کی پاکستان ٹیم کی ٹی شرٹ کو ڈھانپ لیں۔فاروق نذر نے یہ درخواست ماننے سے انکار کیا جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے انہیں سٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔لنکا شائر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس رویے سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو ہم معذرت خواہ ہیں ایک روز قبل یعنی ہفتے کے دن پاکستانی اور بھارتی شائقین کے درمیان پاکستان کا قومی پرچم لہرانے پر تلخی پیدا ہوئی صرف پاکستان کی شرٹ پہننے پر مداح کو نہیں نکالا گیا بلکہ ہمارا اقدام صرف حفاظتی خدشات کی بنیاد پر تھا۔