خواتین کرکٹرز کیلئے بھی پی سی بی نے خزانے کامنہ کھول دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پی سی بی نے خواتین کرکٹ سیزن 2025-26 کے لیے مرکزی کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے ، جس میں سعدیہ اقبال کو اعلیٰ ترین کیٹیگری اے میں شامل کیا گیا ہے ۔ پی سی بی نے ابھرتی ہوئی کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے پہلی بار ایمرجنگ کیٹیگری یعنی کیٹیگری ای بھی متعارف کرا دی ہے ۔
ایمرجنگ کیٹیگری میں دو نوجوان کھلاڑی ایمن فاطمہ اور شوال ذوالفقار کو شامل کیا گیا ہے ۔ پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق 1 جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک نافذالعمل ان کنٹریکٹس میں تمام کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ مجموعی طور پر 20 خواتین کھلاڑیوں کو 5 مختلف کیٹیگریز میں کنٹریکٹس دئیے گئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ 10 کھلاڑی کیٹیگری ڈی میں شامل ہیں۔کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض (کیٹیگری بی)، نتالیہ پرویز، سدرہ نواز، وحیدہ اختر (کیٹیگری ڈی)، ایمن فاطمہ اور شوال ذوالفقار (کیٹیگری ای) نئی شامل کی گئی ہیں۔ ڈیانا بیگ کو کیٹیگری سی سے بی میں، اور رمین شمیم کو ڈی سے سی میں ترقی ملی ہے ۔خواتین سلیکشن کمیٹی نے یہ کنٹریکٹس قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دئیے ۔ آئندہ ایک سال کے دوران پاکستان ویمنز ٹیم دو بڑے عالمی ایونٹس آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ اور ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، جبکہ متعدد باہمی سیریز بھی شیڈول ہیں۔