ہیرو اوپن ملائیشیا تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان کے 4 تمغے
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) پاکستانی کھلاڑیوں نے ہیرو اوپن ملائیشیا انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 طلائی اور 2 چاندی کے تمغے اپنے نام کیے۔۔۔
چیمپئن شپ میں 20 ممالک کے 2000 سے زائد کھلاڑی شریک تھے ۔اتوار کو جاری تفصیلات کے مطابق محمد عمر نے سینئر کیٹیگری میں چینی حریف کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ سید حمزہ شاہ نے ملائیشیا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے کھلاڑیوں کو مات دے کر دوسرا طلائی تمغہ پاکستان کے نام کیا۔شمیل علی حسین نے تین مسلسل مقابلے جیتے تاہم فائنل میں معمولی فرق سے ہار کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔حماد ندیم نے بھی فائنل تک رسائی حاصل کی اور چاندی کا تمغہ جیتا۔ترجمان کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف قومی فخر کا باعث ہے بلکہ بین الاقوامی کھیلوں میں پاکستان کے مثبت امیج کو بھی اجاگر کرتی ہے ۔