ڈیوس کپ:پاکستان ٹینس ٹیم آج پیراگوئے روانہ ہوگی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ٹینس ٹیم ڈیوس کپ مقابلوں کے لیے آج ترکی سے پیراگوئے روانہ ہوگی۔ ڈیوس کپ مقالبے 12 سے 14 ستمبر تک شیڈول ہیں جس کے لیے پاکستانی ٹیم نے چار روزتک استنبول میں کلے کورٹ پر ٹریننگ کی۔۔۔
ڈیوس کپ میں اعصام الحق، عقیل خان، مزمل مرتضیٰ، حزیفہ عبدالرحمان، میکائل شہباز اور علی بیگ پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔محمد حسیب اسلم نان پلیئنگ کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔ پاکستان عالمی درجہ بندی میں اس وقت 53ویں نمبر پر ہے جبکہ پیراگوئے کی رینکنگ 64 ہے ۔ اس ٹائی کا فاتح ملک اگلے سال ورلڈ گروپ ٹو کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گا۔پاکستان ڈیوس کپ ٹینس ٹیم کے رکن اور صدر فیڈریشن اعصام الحق نے بتایا کہ پاکستان میں کلے کورٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے استنبول میں کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان ٹینس کے درمیان پلیئرز ڈیویلپمنٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت ترکی کے کھلاڑی بھی پاکستان آئیں گے ۔اعصام الحق کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کا صدر بننے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو وہ تمام سہولیات اور مواقع دینے کی کوشش کر رہا ہوں جن کی ماضی میں خود بہت کمی محسوس کی۔