ٹرائی سیریز کا آج آغاز ، حکمت عملی تبدیل نہیں ہو گی : سلمان
ٹی ٹونٹی میں کسی ٹیم کو ہلکانہیں لیا جاسکتا، جن کھلاڑیوں کو موقع نہیں ملا انہیں سیریزمیں موقع دیاجائے گاآل ،قومی کپتان ہمیں اپنے چیلنجز کا علم ہے ، سکندر رضا،ون ڈے والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے ، داسن،شام 6 بجے پاک ،زمبابوے کا پہلا میچ
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز آج سے راولپنڈی میں شروع ہوگی۔سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ آج شام 6 بجے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا، ٹرائی سیریز کی ٹرافی رونمائی بھی کردی گئی ۔ سیریز کے تمام میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ پاکستان ٹی ٹونٹی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک روزہ فارمیٹ میں کافی اچھی پرفارمنس رہی،تبدیلی ایک ہی کی گئی،حکمت عملی تبدیل نہیں ہوگی،گزشتہ تین چار ماہ سے آل راؤنڈرز پر انحصار کررہے ہیں،محمد نوازاور فہیم اشرف مکمل آل رائونڈر ہیں، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹی ٹونٹی میں کسی بھی ٹیم کو ہلکانہیں لیا جاسکتا،لوئیر آرڈر میں پرفارمنس بری نہیں ہے ،مڈل آرڈر میں پرفارمنس بہتر ہونے کی ضرورت ہے۔
عبد الصمد کو فِنشر کے طورپراستعمال کیا جائے گا۔ جن کھلاڑیوں کو موقع نہیں ملا انہیں سہ ملکی سیریزمیں موقع دیاجائے گا۔ کرکٹ کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے ۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے کہا ہے کہ اپنی ٹیم کی صلاحیتیں بڑھانے پر کام کررہے ہیں،فائنل تک پہنچنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ زمبابوے کی ٹیم نے اس سال بڑی ٹیموں کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے ، ہمیں اپنے چیلنجز کا علم ہے ، تین ملکی سیریز میں پاکستان کیخلاف میچ کیلئے تیار ہیں۔ سری لنکا ٹیم کے کھلاڑی داسن شناکا نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کے لیے کوشش کریں گے ، اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے ، ون ڈے والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے ، ہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان درست سمت میں کھیل رہا ہے ۔