قائد اعظم ٹرافی فائنل،سیالکوٹ کو جیت کیلئے پہاڑ جیسا ہدف

قائد اعظم ٹرافی فائنل،سیالکوٹ کو جیت کیلئے پہاڑ جیسا ہدف

کراچی بلیوز نے 533 رنز کا ہدف دیدیا، ہارون ارشد 116 اور عبداللّٰہ فضل کے 114 رنز، سیالکوٹ نے بغیر نقصان کے 12 رنز بنا لئے اسامہ میر کی 98 رنز دیکر 5 وکٹیں ، حسنین نے 3 کھلاڑی آؤٹ کئے ،کراچی نے پہلی اننگز میں 340 ،سیالکوٹ نے 266 رنز بنائے تھے

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)کراچی بلوز نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے 533 رنز کا ہدف دیا ہے ۔ سیالکوٹ نے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر 4 اوورز کی بیٹنگ میں بغیر کسی نقصان پر 12 رنز بنائے تھے ۔اذان اویس 7 اور محمد ہریرہ 5 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ۔قذافی سٹیڈیم میں پانچ روزہ فائنل کے چوتھے دن کے کھیل کی خاص بات ہارون ارشد کی سنچری تھی۔ کراچی بلوز نے دوسری اننگز 202 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 458 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عبداللہ فضل اپنے گزشتہ روز کے سکور میں 10 رنز کا اضافہ کرکے 13 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔

عبداللہ فضل اور ہارون ارشد نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 170 رنز کا اضافہ کیا۔ ہارون ارشد 9 چوکوں کی مدد سے 116 رنز کی اننگز کھیل کر حمزہ نذر کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ہارون ارشد اور شان مسعود کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنے ۔ شان مسعود 9 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بناکر حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ عثمان خان کو 47 رنز پر اسامہ میر نے آؤٹ کیا ۔ ثاقب خان 18 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔محمد عمر 2 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے جنہوں نے اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ رمیز عزیز کو 30 رنز پر بولڈ کرکے حاصل کی۔ اسامہ میر نے یہ پانچ وکٹیں 98 رنز دے کر حاصل کیں۔ محمد حسنین نے تین کھلاڑیوں کو 91 رنز کے عوض آؤٹ کیا۔اس سے قبل کراچی بلیوز نے پہلی اننگز میں 340 رنز بنائے تھے ، جبکہ سیالکوٹ نے پہلی اننگز میں 266 رنز سکور کیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں