ٹی 20ورلڈ کپ، یو اے ای نے عمدہ کھیل کی ٹھان لی
میچ والے دن اگر اچھی کرکٹ کھیلی تو کسی کو بھی ہرا سکتے ہیں،کپتان محمد وسیم
دبئی(سپورٹس ڈیسک)یو اے ای نے ورلڈکپ میں عمدہ کھیل پیش کرنے کی ٹھان لی، کپتان محمد وسیم نے کہا کہ ابھی ہم حریفوں کا نہیں سوچ رہے بلکہ تمام تر توجہ اپنی کارکردگی پر ہے ، میچ والے دن اگر اچھی کرکٹ کھیلی تو کسی کو بھی ہرا سکتے ہیں۔ محمد وسیم نے کہا کہ ورلڈکپ میں شرکت کی بہت خوشی ہے ،ہماری ٹیم کیلئے رواں برس بہت اچھا گزرا،ہم نے ایشیا کپ میں حصہ لیا اور اب ورلڈکپ کے لیے بھی کوالیفائی کر چکے ہیں۔بڑی سٹیج پر اچھی کارکردگیکیلئے ہم سخت محنت کر رہے ہیں، ابھی ہم حریفوں کا نہیں سوچ رہے بلکہ تمام تر توجہ اپنی کارکردگی پر ہے۔
ہم اپنی محنت کر رہے ہیں تاکہ جس کے بھی خلاف کھیلیں اچھا پرفارم کر سکیں ۔انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اس وقت خاصی متوازن ہے ، تجربہ کار کرکٹرز کے ساتھ باصلاحیت نوجوان بھی موجود ہیں، ہم اچھے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔میں کسی ایک کھلاڑی کے بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ فرد واحد کی وجہ سے کوئی ٹیم نہیں جیتا کرتی،ہم ٹیم بن کر پرفارم کریں گے تو زیادہ اچھا رہے گا،مجھے پورا یقین ہے کہ یو اے ای بطور ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔محمد وسیم نے اپنی انفرادی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا۔