کولکتہ واقعہ، گواسکر نے ملبہ میسی پر ڈال دیا، کڑی تنقید

کولکتہ واقعہ، گواسکر نے ملبہ میسی پر ڈال دیا، کڑی تنقید

اگرفٹبالر کو سٹیڈیم میں گھنٹہ رہنا تھا تو وہ ایسے کرنے کے پابند تھے ،سابق کرکٹر

ممبئی (سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کولکتہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا ذمہ دار اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو ہی قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ لیونل میسی کے دورہ بھارت کے دوران کولکتہ سٹیڈیم میں مختصر قیام پر مداح مشتعل ہوگئے تھے ، میسی کولکتہ سٹیڈیم میں صرف 10 سے 20 منٹ تک رکے جس پر مداح ناراض ہوگئے تھے ۔مداحوں نے مشتعل ہوتے ہوئے سٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کردی اور شکوہ کیا کہ میسی کو تمام لیڈر اور وزرا نے گھیر رکھا تھا ہمیں کچھ بھی نظر نہیں آیا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہر ایک کو مورد الزام ٹھہرایا گیا سوائے اس شخص کے جو اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہا، میسی کو اپنے کہے پر قائم رہنا چاہیے تھا، اگر انہیں سٹیڈیم میں ایک گھنٹہ رہنا تھا تو وہ ایسے کرنے کے پابند تھے لیکن وہ وقت پورا ہونے سے پہلے چلے گئے ، اسی لیے اس واقعے کے ذمہ دار وہ اور ان کا وفد ہے ۔گواسکر نے سکیورٹی خدشات کے دعوؤں کو بھی ایک طرف رکھتے ہوئے اصرار کیا کہ میسی کو کسی حقیقی خطرے کا سامنا نہیں تھا۔سابق بھارتی کپتان نے کہا وہ سیاستدانوں اور نام نہاد وی آئی پیز میں گھرے ہوئے تھے ، انہیں یا ان کے ساتھیوں کو کوئی سکیورٹی خطرہ نہیں تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں