یونائیٹڈ محض فرنچائز نہیں میرا گھر بن چکی:شاداب خان
یونائیٹڈ محض فرنچائز نہیں میرا گھر بن چکی:شاداب خان نئے سیزن میں کچھ ساتھیوں کو الوداع کہنا مشکل ہوگا ،کپتان سپر لیگ فرنچائز
لاہور (سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹر شاداب خان نے کہاکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنا باعثِ فخر اور اعزاز کی بات ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ ان کے لیے محض ایک فرنچائز نہیں رہی بلکہ یہ ان کا گھر بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ خود کو ثابت کرنے کی شدید خواہش کے ساتھ ٹیم میں شامل ہوئے تھے ، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان پر بھرپور اعتماد کیا اور ایسا ماحول فراہم کیا جس نے انہیں نہ صرف ایک بہتر کرکٹر کے طور پر بھی نکھرنے کا موقع دیا۔
شاداب خان نے فرنچائز مالکان علی نقوی اور آمنہ نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کپتانی سونپ کر ان پر اعتماد کیا جانا ان کے لیے اعزاز ہے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نئے سیزن میں کچھ ساتھیوں کو الوداع کہنا مشکل ہوگا اور ٹیم میں تبدیلیاں بھی آئیں گی، تاہم یقین ہے کہ ایک بار پھر ایسی ٹیم تشکیل دی جائے گی جو اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہچان بنے ۔