تاریخ میں پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ میں اُردو کمنٹری کا آغاز
لاہور(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں تاریخ رقم ہوگئی، جہاں پہلی مرتبہ کسی بڑے ایونٹ میں اردو کمنٹری کو باضابطہ طور پر شامل کرلیا گیا ہے ،
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق اردو کمنٹری کی یہ سہولت خصوصی طور پر پاکستان کے میچوں کے دوران فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان نے اردو زبان میں کمنٹری کے فرائض انجام دئیے ۔ وسیم اکرم، وقار یونس، رمیز راجہ اور بازید خان عالمی کمنٹری فیڈ کے ساتھ ساتھ اردو کمنٹری میں بھی اپنی خدمات انجام دیں گے ۔پاکستان میں اردو کمنٹری سرکاری چینل پی ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی شائقین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے ۔آئی سی سی کیمطابق میگا ایونٹ میں انگلش کے علاوہ دیگر تین مختلف زبانوں میں کمنٹری کی جائے گی جس میں ہندی، اردو اور نیپالی شامل ہوں گی۔