نمیبیا کیخلاف اہم میچ قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان
سینئر کھلاڑیوں کی جگہ بینچ سٹرینتھ کو موقع دینے کی تجویز ،شاہین کی جگہ سلمان مرزا ،بابر کی جگہ فخر کو موقع دئیے جانے کا امکان شاداب خان یا محمد نواز کی جگہ نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے ،ٹیم مینجمنٹ کی متوازن کمبی نیشن کیلئے مشاورت جاری
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کی مینجمنٹ نمیبیا کے خلاف اہم میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق اس میچ میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں اور سینئر کھلاڑیوں کی جگہ بینچ سٹرینتھ کو موقع دینے کی تجویز زیرِ غور ہے ۔پاکستان کے لیے یہ مقابلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر قومی ٹیم نمیبیا کے خلاف شکست سے دوچار ہوتی ہے تو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی مشکل ہو سکتی ہے ۔ تاہم اگر میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو پاکستان کو ایک پوائنٹ مل جائے گا جس کے بعد اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے ۔
یاد رہے کہ بھارت سے شکست کے بعد سابق کرکٹرز نے ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کی تھی اور بعض نے بابر اعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نمیبیا کے خلاف میچ میں چند سینئر کھلاڑیوں کو آرام دئیے جانے کا امکان ہے ۔ شاہین آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ بابر اعظم کی جگہ فخر زمان کو موقع دئیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح شاداب خان یا محمد نواز کی جگہ نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا جبکہ ٹیم مینجمنٹ اہم مقابلے میں متوازن کمبی نیشن میدان میں اتارنے کے لیے مشاورت کر رہی ہے ۔ واضح رہے کہ بابراعظم نے ورلڈکپ کے تین میچز میں مجموعی طور پر 66 رنز بنائے جس میں یوایس اے کیخلاف 46 رنز کی اننگز شامل ہے جبکہ شاہین آفریدی نے تین میچز میں صرف 3 وکٹیں اپنے نام کیے ۔