ورلڈ کپ فرحان کی سنچری پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا
نمیبیا کی ٹیم پاکستان کے 200رنز ہدف کے تعاقب میں 97پر ڈھیر ،عثمان طارق نے چار، شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سے میچز کھیلے گا، جنوبی افریقا نے یو اے ای ٹیم کو 6وکٹوں سے شکست دیدی
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔جنوبی افریقا نے یو اے ای کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سے میچز کھیلے گا، کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا کی ٹیم پاکستان کی طرف سے ملے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 97 پر بناکر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب اننگز کا آغاز کرنے والے صاحبزادہ فرحان آخری گیند تک کریز پر موجود رہے اور شاندار سنچری سکور کی۔
کپتان سلمان علی آغا 38، صائم ایوب 14 اور خواجہ نافع 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے چار، شاداب خان نے تین جب کہ نواز اور سلمان مرزا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔نمیبیا کی جانب سے جیک براسل نے 2 اور جرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔یو اے ای کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے ۔ علی شان شرفو 45 اور کپتان محمد وسیم 22 رنز بناکر نمایاں رہے ۔جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش نے 3، اینرچ نورکیا نے 2 اور جارج لنڈے نے ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 123 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 13.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ڈیوالڈ بریوس 36، رائن ریکلٹن 30 اور کپتان ایڈن مارکرم 28 رنز بناکر نمایاں رہے ۔یو اے ای کی جانب سے حیدر علی، محمد جواداللہ، محمد عرفان اور محمد فاروق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔تیسرے میچ میں بھارت نے نیدر لینڈز کو 17 رنز سے شکست دیدی۔