مشرقِ وسطیٰ کشیدگی ،کئی ممالک میں کھیلوں کے مقابلے متاثر
مشرقِ وسطیٰ کشیدگی ،کئی ممالک میں کھیلوں کے مقابلے متاثر بحرین اور سعودی عرب میں ہونیوالی ریسیں منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان
منامہ /ریاض (سپورٹس ڈیسک)امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے کئی ممالک میں کھیلوں کے مقابلوں کو متاثر کر دیا ہے ، فارمولا ون انتظامیہ نے اپریل میں بحرین اور سعودی عرب میں ہونے والی ریسیں منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے ۔لبرٹی میڈیا اور عالمی گورننگ باڈی ایف آئی اے کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اگلے ماہ شیڈول ان دونوں ریسوں کی منسوخی کی جگہ کیلنڈر میں کوئی دوسری ریس شامل نہیں کی جائے گی۔ مشرق وسطیٰ کے کئی ایئرپورٹس پر فلاہٹ آپریشنز متاثر ہونے کی وجہ سے کئی کھلاڑیوں کو‘میلانو کورٹینا ونٹر پیرا اولمپک گیمز’ میں شرکت کے لیے سفر میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔ فجیرہ چیلنجر ایونٹ میں کھیل 3 مارچ کو سکیورٹی خدشات کے باعث اچانک منسوخ کر دیا گیا۔روسی کھلاڑی دانیئل میڈویڈیف اور آندرے روبلیوف، جنہوں نے دبئی ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کی تھی، انہیں کیلیفورنیا میں ہونے والے انڈین ویلز اوپن تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دو بار کی اولمپک میڈل جیتنے والی بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو دبئی ایئرپورٹ پر کئی دنوں تک پھنسے رہنے کے بعد آل انگلینڈ اوپن سے دستبردار ہوگئیں ۔امریکا مصر کے شہر اسماعیلیہ میں ہونے والے مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر سے دستبردار ہو گیا۔