نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ، کنکررز نے چیلنجرز کو ہرا دیا

 نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ، کنکررز نے چیلنجرز کو ہرا دیا

کنکررز نے 241 رنز بنا کر اننگز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ قائم کیا سٹارز نے سٹرائیکرز کو 54 رنز سے شکست دی،سدرہ 62 رنز بنا کر نمایاں

لاہور (سپورٹس ڈیسک)نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں کنکررز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کنکررز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز سکور کیے ، جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے ۔کنکررز کی جانب سے فاطمہ ثنا نے ناقابلِ شکست 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عائشہ ظفر 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ترجمان این سی اے کے مطابق اس سے قبل یہ ریکارڈ 2024 میں لاہور ویمنز نے پشاور ویمنز کے خلاف 233 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔ہدف کے تعاقب میں چیلنجرز نے بھرپور مقابلہ کیا لیکن وہ 225 رنز تک محدود رہیں اور کنکررز نے میچ 16 رنز سے جیت لیا۔ چیلنجرز کی جانب سے ایمان فاطمہ نے شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے 112 رنز بنائے ۔ کنکررز کی کپتان فاطمہ ثنا نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ایک اور میچ میں سٹارز نے سٹرائیکرز کو 54 رنز سے شکست دی۔ باغِ جناح گراؤنڈ میں سٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 158 رنز بنائے ، جس میں سدرہ امین 62 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔جواب میں سٹرائیکرز کی ٹیم 104 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں