ایران ورلڈکپ میں شرکت کرے گا، فیفا صدرکا اعلان
انفنٹینوکی ترکیے میں ایرانی ٹیم ، ہیڈکوچ،نائب صدر فیڈریشن سے ملاقات کے بعدگفتگو
لاہور(سپورٹس ڈیسک)فیفا صدر جیانی انفنٹینو کا کہنا ہے کہ ایران کی فٹبال ٹیم ورلڈکپ کے اپنے گروپ میچز شیڈول کے مطابق امریکا میں ہی کھیلے گی۔فیفا کے صدر نے یہ بات ترکیے میں ایرانی فٹبال ٹیم ، ہیڈکوچ اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے ملاقات کے بعد کہی، جہاں ایران کی ٹیم کوسٹا ریکا سے دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے موجود تھی۔ فیفا صدر کا کہنا تھا کہ ایران ورلڈ کپ میں ہوگا، اسی لیے ہم یہاں ہیں، میچز وہیں کھیلے جائیں گے جہاں شیڈول ہیں۔فیفا صدر نے کہا کہ وہ ایرانی ٹیم اورکوچ سے مل چکے ہیں اور سب کچھ ٹھیک ہے ۔بعد ازاں سوشل میڈیا پوسٹ میں فیفا صدر نے ایرانی ٹیم اور ہیڈکوچ کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کیں ۔جیانی کے مطابق میں نے ٹیم کو ایک بار پھر فیفاورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے مداحوں کو متاثر کرتے رہیں اور عالمی سطح پر اپنے ملک کے خوابوں کو زندہ رکھیں۔ فیفا اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ٹیم کی مکمل حمایت جاری رکھے گا کہ وہ ورلڈ کپ کی تیاری کے دوران بہترین حالات میں رہے ۔