فرنچ اوپن کی رقم میں ریکارڈ اضافہ،پلیئرز کیلئے اقدامات
10 فیصد اضافے کے بعد کل رقم تقریبا 72.1 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی
پیرس (سپورٹس ڈیسک)فرنچ اوپن کی انتظامیہ نے رواں سال ٹورنامنٹ کے مجموعی انعامی بجٹ میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد کل رقم (تقریبا 72.1 ملین ڈالرز) تک پہنچ گئی ہے ۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ایمیلی موریزمو نے بتایا کہ 24 مئی سے رولینڈ گیروس میں شروع ہونے والے گرینڈ سلام میں مردوں اور خواتین کے سنگلز چیمپئنز کو 2.8 ملین یورو جبکہ رنرز اپ کو 1.4 ملین یورو دئیے جائیں گے جبکہ پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے والے کھلاڑی بھی 87 ہزار یورو کے حقدار ٹھہریں گے ۔ رواں سال ٹورنامنٹ میں پہلی بار کھلاڑیوں کو کورٹ پر ڈیٹا جمع کرنے والے پورٹیبل آلات پہننے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی جسمانی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں، تاہم کھلاڑیوں کی نجی زندگی اور ڈریسنگ رومز میں کیمروں کی رسائی پر پابندی ہوگی۔ ایمیلی موریزمو نے واضح کیا کہ ٹینس کے بڑے مقابلوں میں الیکٹرانک لائن کالنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باوجود فرنچ اوپن انسانی ججز کے روایتی فیصلے کے ساتھ ہی جاری رہے گا کیونکہ وہ اپنے مخصوص انداز کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔