قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے سکلز اینڈ فٹنس کیمپ کا اختتام
فٹنس اور بولنگ میں کچھ مسائل تھے جنہیں بہتر بنانے پر توجہ دی گئی،وہاب
لاہور (سپورٹس ڈیسک)لاہور میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے سکلز اینڈ فٹنس کیمپ کا اختتام ہو گیا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی میں موجود خامیوں کو دور کرنا تھا۔ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کہا کہ کیمپ میں خاص طور پر ان کمزوریوں پر کام کیا گیا جو جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوران سامنے آئی تھیں۔ ان کے مطابق فٹنس اور بولنگ میں کچھ مسائل تھے جنہیں بہتر بنانے کے لیے بھرپور توجہ دی گئی اور کھلاڑیوں کا رسپانس حوصلہ افزا رہا۔ وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ ٹیم اب زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کی تیاری کر رہی ہے اور کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ٹیم اٹیکنگ اور نڈر کرکٹ کھیلنا چاہتی ہے ، جس کے لیے زیادہ سے زیادہ رنز بنانا ضروری ہوگا اور ہدف یہی ہے کہ سیریز اچھے مارجن سے جیتی جائے ۔