دوسرے ٹیسٹ کا آج آغاز سرفراز کم بیک کیلئے پر عزم

دوسرے ٹیسٹ کا آج آغاز سرفراز کم بیک کیلئے پر عزم

بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل،قومی ٹیم نے پریکٹس میں بیٹنگ اور باؤ لنگ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے پر خصوصی توجہ دی بابر اعظم میچ کیلئے دستیاب، پلیئنگ الیون سوچ لی ہے مگر بارش ہو رہی ، کیا پتہ تبدیلی کرنی پڑ جائے ،ہیڈ کوچ کی میڈیا سے گفتگو

 سلہٹ (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج سے سلہٹ میں شروع ہو گا، 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے ۔ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے 104رنز سے کامیابی سمیٹی۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کی میچ کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی بیٹنگ اور باؤ لنگ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے پر توجہ دی۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بابر اعظم دوسرے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔ سلہٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ جس طرح بابر اعظم نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا وہ ٹیکنیکلی کافی مضبوط دکھائی دے رہے ہیں، ذہنی طور پر بھی بابر اعظم فریش ہیں، ان کے ساتھ ہونے سے ہم خوش ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ جب آپ اچھا نہیں کھیلتے تو تنقید ہوتی ہے ، سابق کھلاڑیوں کی تنقید ہمارے لیے نئی نہیں، ہم سوشل میڈیا پر چلنے والی چیزوں سے پریشان نہیں ہیں، ہمارا فوکس اگلے میچ پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹاس کے بعد پلیئنگ الیون کا پتہ چلے گا، پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بطور ٹیم مایوس ضرور ہیں، اگلے میچ میں کم بیک کریں گے ۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ محمد رضوان اپنی وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ سے پاکستان کیلئے اچھا کریں گے ، پلیئنگ الیون سوچ لی ہے مگر کل کا معلوم نہیں کیونکہ بارش ہو رہی ہے ، کیا پتہ تبدیلی کرنی پڑ جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں