سلہٹ ٹیسٹ:بنگلا دیش فتح کے نزدیک،پاکستان کے 7آئوٹ
بنگلادیش کے 437رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 7وکٹوں پر 316رنز بنالیے ،بابر اعظم نے 47،شان 71،سلمان نے 71رنز بنائے میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر محمد رضوان 75اور ساجد خان 8رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، ناہید رانا اور تیج الاسلام کے 2، 2شکار
سلہٹ (سپورٹس ڈیسک)سلہٹ ٹیسٹ کا چوتھا دن ختم ہوگیا، بنگلادیش کے 437 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 7 وکٹوں پر 316 رنز بنالیے ۔ سلہٹ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی اوپنرز نے چوتھے دن کا کھیل شروع کیا تو 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ 27 رنز پر گری جہاں عبداللّٰہ فضل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔بنگلادیش کے خلاف دوسری اننگز میں پاکستان کی دوسری وکٹ 41 رنز پر گری جب اذان اویس 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے پاکستان کا سکور 133 پر پہنچایا جہاں بابر اعظم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔نئے آنے والے بیٹر سعود شکیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رک سکے اور صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ پاکستان کا سکور 162 رنز پر پہنچا تو کپتان شان مسعود بھی 71 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔اس کے بعد سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا سکور 296 تک پہنچایا جہاں سلمان 71 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹ گئے ۔ دن کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر حسن علی تھے ، جو بغیر کوئی رن بنائے 304 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے ۔ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے ہیں۔محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کو تاریخی جیت کے لیے مزید 121 رنز درکار ہیں۔اب تک بنگلادیش کے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 2، 2 جبکہ مہدی حسن میراز نے 1 وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔بنگلادیش نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز بناسکی تھی۔