فیصلہ کن ون ڈے آج، ہیڈ کوچ شاداب کی کارکردگی سے مایوس
دونوں ٹیمیں سیریز اپنے نام کرنے کیلئے بھرپور طاقت کیساتھ میدان میں اتریں گی،قذافی سٹیڈیم کی پچ روایتی طور پر بیٹنگ کیلئے سازگار موجودہ کمبی نیشن میں شاداب کو پانچویں بولنگ آپشن کے طور پر استعمال کیا جا رہا ،پاکستان مختلف حالات میں ٹیم کو آزمانا چاہتا ،ہیسن
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں سیریز اپنے نام کرنے کیلئے بھرپور طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے ۔ قذافی سٹیڈیم کی پچ روایتی طور پر بیٹنگ کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے اور یہاں بڑے سکورز بنتے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس مرتبہ بھی ایک ہائی سکورنگ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے جبکہ رات کے وقت اوس کا عنصر بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔
اسی وجہ سے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دے سکتی ہے تاکہ ہدف کا تعاقب نسبتاً آسان ہو۔ ون ڈے سیریز میں شاداب خان کی واپسی مسلسل بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے ۔ پہلے دو ون ڈے میچز میں شاداب خان سب سے مہنگے پاکستانی بولر ثابت ہوئے ۔ انہوں نے دو میچز میں 110 رنز دئیے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے ، جبکہ پچز سپنرز کے لیے سازگار سمجھی جا رہی تھیں۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے مطابق شاداب خان کے کردار میں وقت کے ساتھ تبدیلی آئی ہے ،جاری ون ڈے سیریز میں شاداب توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ، شاداب نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک بولنگ آل راؤنڈر کے طور پر کیا تھا، لیکن اب وہ زیادہ تر بیٹنگ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہیں اور اسی لیے انہیں چھٹے یا ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا جاتا ہے ۔ ہیسن نے واضح کیا کہ موجودہ کمبی نیشن میں شاداب کو پانچویں بولنگ آپشن کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ہیسن کا کہنا ہے کہ پاکستان مختلف حالات میں ٹیم کو آزمانا چاہتا ہے کیونکہ 2027 کا ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں مختلف نوعیت کی پچز پر کھیلا جائے گا۔