آسٹریلیا کو شکست ،پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی
158رنز کا ہدف قومی بیٹرز نے 42ویں اوور میں 6وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا شاہین مین آف دی میچ،عرفات پلیئر آف دی سیریز قرار،وزیراعظم کی مبارکباد
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا ہدف مشکل سپن وکٹ پر قومی بیٹرز نے 42ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بولرز نے آسٹریلین بلے بازوں کو قابو کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن 157 رنز پر سمیٹ دی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے ۔ شاہین نے 3 وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان 6 رنز پر پولین لوٹ گئے ، معاذ صداقت نے 27 رنز بنائے ،غازی غوری 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔
بابر اعظم نے 40 رنز کی اننگز کھیلی،شاداب خان اور عبدالصمد نے ساتویں وکٹ پر ناقابلِ شکست 49 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔ شاہین مین آف دی میچ جبکہ عرفات منہاس پلیئر آف دی سیریز قرار پائے ۔دوسری طرف وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاندار کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے جس پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سمیت قومی ٹیم کے کھلاڑی، کوچنگ سٹاف اور انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔