پاکستان کی سال میں ریکارڈ فٹبال مقابلوں میں شرکت
پاکستان کی سال میں ریکارڈ فٹبال مقابلوں میں شرکت قومی ویمنز ٹیم نے فیفا سیریز میں پہلی شرکت کے دوران شاندار فتح حاصل کی
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن ایک دہائی تک سیاسی تنازعات، عدالتی مقدمات اور فیفا پابندیوں کے بعد دوبارہ بحالی اور ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو گئی جس نے گزشتہ ایک سال کے دوران ریکارڈ انٹرنیشنل فٹبال مقابلوں میں شرکت کی۔پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں فٹبال فیڈریشن کے سیٹ اپ میں نمایاں تبدیلوں سمیت مثبت اقدامات کئے گئے ۔ پاکستان نے اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز، اے ایف سی انڈر 23 ایشین کپ کوالیفائرز، اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز، ساف انڈر 17 چیمپئن شپ، فیفا ویمنز سیریز ، اے ایف سی فٹسال ایشین کپ کوالیفائرز، ساف مینز و ویمنز فٹسال چیمپئن شپ اور فیفاای ورلڈ کپ کوالیفکیشن میں شرکت کی۔ پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مردوں اور خواتین کی قومی فٹسال ٹیمیں بنائی گئیں۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے فیفا سیریز میں اپنی پہلی شرکت کے دوران شاندار 0-8 سے فتح حاصل کی۔ فیفا ایرینا پراجیکٹس کا آغاز کیا گیا جبکہ محسن گیلانی کی قیادت میں عالمی فٹبال اداروں کے ساتھ مضبوط روابط کے نتیجے میں فیفا صدر کے پاکستان کے تاریخی دورے پر بھی غور جاری ہے ۔