سب سے زیادہ گول کرنیکا ریکارڈ میسی کے نام
ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر کے آسٹریا کیخلاف 2گول،سنسنی خیزمیچ جیت گئے میسی کے ورلڈ کپ میں کل گولز17ہوگئے ، جرمن کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ دیا
ڈیلاس (نیوز ایجنسیاں ) ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ۔ ٹیکساس کے ڈیلاس سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ J کے ایک سنسنی خیز میچ میں ارجنٹینا نے آسٹریا کو2-0سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ (لاسٹ 32)کیلئے کوالیفائی کر لیا،اس میچ میں میسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول سکور کیے اور اس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ان کے کل گولز کی تعداد 17 ہو گئی، جس کے بعد وہ عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ۔
میسی نے جرمنی کے مائیکل کلوز کا 16 گولز کا سابقہ ریکارڈ توڑا۔میچ کے 38 ویں منٹ میں فاکنڈو مدینا کے بہترین پاس پر میسی نے روایتی بائیں پاؤں سے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، اس گول کے بعد میسی اپنے والد کی علالت کی وجہ سے کچھ جذباتی بھی نظر آئے ۔ میچ کے بالکل آخری لمحات (انجری ٹائم)میں میسی نے آسٹریا کے چار ڈیفنڈرز کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا کر ارجنٹینا کی 2-0سے فتح یقینی بنا دی، میسی بدھ کو اپنی 39 ویں سالگرہ منائیں گے۔