فٹبال ورلڈ کپ ، اپنی ہی ٹیم کیخلاف گولز کی تعداد 7 ہوگئی
موجودہ رفتار برقرار رہی تو روس 2018 کا 12 اون گولز کاریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا
میامی(سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ کے ابتدائی 10 روز میں ایک غیر معمولی منظر سامنے آیا جہاں کھلاڑیوں کی جانب سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کرنے ، یعنی اون گول، کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ اب تک ٹورنامنٹ میں سات اون گولز ہو چکے ہیں، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے ۔ اس سے قبل سب سے زیادہ 12 اون گولز کا ریکارڈ 2018 میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں قائم ہوا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ ورلڈ کپ 48 ٹیموں اور 104 میچز تک توسیع پا چکا ہے ، اسلئے موجودہ رفتار برقرار رہی تو روس 2018 کا ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے ۔
اس سلسلے کا آغاز پیراگوئے کے ڈیامیان بوبادیلا سے ہوا جنہوں نے امریکا کے خلاف میچ میں ابتدائی سات منٹ کے اندر اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر دیا۔ بعد ازاں آسٹریلیا کے کیمرون برگیس نے بھی امریکا کے خلاف اون گول کیا ۔سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی میرو موہائم نے قطر کے خلاف اون گول کیا۔ بعد میں قطر کے محمد منائی نے کینیڈا کے خلاف اون گول کیا، مصر کے محمد ہانی، عراق کے ایمن حسین اور اردن کے یزن العرب بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے رواں ورلڈ کپ میں اون گول کیے۔