پاکستان کا لیاری میں عالمی فٹبال مقابلوں کیلئے فیفا کو خط
فیفا صدر آکر دیکھیں لیاری کے سٹیڈیم عالمی معیار کے ہیں یا نہیں،نبیل گبول
کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان فٹبال ٹیم اگرچہ فیفا کی عالمی رینکنگ میں انتہائی نچلے درجے پر ہے اور کبھی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی بھی نہ کرسکی تاہم یہ ایونٹ یہاں کے کروڑوں مداحوں کی توجہ کا مرکز ہے ۔پاکستان میں فٹبال کے جنون کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شہر قائد کے علاقے لیاری کو منی برازیل بھی کہا جاتا ہے ۔لیاری میں بڑی سکرینز لگاکر بالخصوص برازیل اور ارجنٹینا کے میچز کو ضرور دیکھا جاتا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ لیاری سے منتخب ہونے والے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نبیل گبول نے فیفا کے صدر کو خط لکھا ہے کہ وہ آکر دیکھیں لیاری کے سٹیڈیم بین الاقوامی معیار کے ہیں یا نہیں۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ لیاری میں ہمارے پاس پیپلز سٹیڈیم اور لیاری انٹرنیشنل سٹیڈیم دو ایسے سٹیڈیمز ہیں جہاں انٹرنیشنل ٹیمیں کھیل سکتی ہیں۔نبیل گبول نے کہا کہ اگلے فیفا ورلڈکپ میں آپ پاکستان کی بھی نمائندگی دیکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔