فیفا ورلڈ کپ : بڑا اپ سیٹ، پیرا گوئے کے ہاتھوں جرمنی کو شکست

فیفا ورلڈ کپ : بڑا اپ سیٹ، پیرا گوئے کے ہاتھوں جرمنی کو شکست

سڈن ڈیتھ سیشن کی پہلی پنالٹی جرمنی کے کھلاڑی نے ضائع کر دی،پیراگوئے نے گول کرکے ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا کامیابی پر پیراگوئے میں عام تعطیل منائی گئی،مراکش نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر نیدرلینڈ کو 3-2 سے ہرا کر ورلڈکپ سے باہر کردیا

مونٹیری،بوسٹن،ہیوسٹن(سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ میں سنسنی خیز اور اپ سیٹ مقابلے جاری ہیں ، چار بار کی چیمپئن جرمنی کے علاوہ نیدرلینڈز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ۔ مراکش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہرادیا اور پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔نیدرلینڈز اور مراکش کے درمیان مقابلہ اضافی وقت میں بھی ایک ایک گول سے برابر تھا، نیدرلینڈز کی جانب سے گیپکو نے جبکہ مراکش کا گول ڈیوپ نے سکور کیا تھا۔حتمی فیصلے کے لیے پنالٹی شوٹ آؤ ٹ ہوا جس میں دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پنالٹی شوٹ آؤ ٹ دئیے گئے ، مراکش نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر نیدرلینڈ کو 3-2 سے ہرا کر فیفا ورلڈکپ سے باہر کردیا۔اب پری کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ کینیڈا سے چار جولائی کو ہوگا۔

اس سے قبل راؤنڈ آف 32کے مقابلے میں پیراگوئے نے 4 بار کے عالمی چیمپئن جرمنی کو ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ بوسٹن میں کھیلا گیا میچ مقررہ اور اضافی وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ پھر میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے سڈن ڈیتھ سیشن میں ہوا۔شوٹ آؤ ٹ کی 5،5 پنالٹیز میں دونوں ٹیموں نے 3،3 گول کیے تاہم سڈن ڈیتھ سیشن کی پہلی پنالٹی جرمنی کے کھلاڑی نے ضائع کر دی۔جس کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑی نے گول کرکے ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا اور جرمنی کا سفر ایونٹ میں ختم ہوگیا۔ جیت کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑیوں اور ان مداحوں نے سٹیڈیم میں زبردست جشن منایا ۔یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پیراگوئے کے صدر سانتیاگو پینا نے قومی فٹبال ٹیم کی شاندار کامیابی پر گزشتہ روز ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں