فیفا ورلڈکپ ناک آئوٹ مرحلہ، سوئٹزرلینڈکی 88 سال بعد فتح

فیفا ورلڈکپ ناک آئوٹ مرحلہ، سوئٹزرلینڈکی 88 سال بعد فتح

ٹورنٹو میں کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے کروشیا کو 1 کے مقابلے 2 گول سے ہرایا،پرتگال کی جانب سے رونالڈو اور ریموس نے گول کیے راؤنڈ آف 32 میں سوئٹزرلینڈ نے الجزائر کو 0-2 سے ہرایا، پری کوارٹر فائنل میں اب کولمبیا اور گھانا کے میچ کی فاتح ٹیم سے سامنا ہو گا

ٹورنٹو،لاس اینجلس،وینکوور(سپورٹس ڈیسک) فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے راؤ انڈ آف 32 میں پرتگال اور سوئٹزرلینڈ نے اپنے اپنے میچز جیت کرپری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ٹورنٹو میں کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے کروشیا کو سنسنی خیز میچ کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔پرتگال کی جانب سے گول رونالڈو اور ریموس نے کیے جبکہ کروشیا کی جانب سے گول پرچچ نے سکور کیا۔پری کوارٹر فائنل میں سپین اور پرتگال کا مقابلہ ہوگا۔ سپین کی ٹیم 2010 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلا ناک آؤ ٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔

وینکوور سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں سوئٹزرلینڈ نے الجزائر کیخلاف میچ میں آغاز سے ہی مخالف ٹیم پر دباؤ رکھا اور کھیل کے 10 ویں منٹ پر ہی ایمبولو نے شاندار کک لگاتے ہوئے ٹیم کو پہلی برتری دلا دی۔پہلے ہاف میں الجزائر نے واپسی کی کوشش کی تاہم سوئس دفاع نے حریف ٹیم کو زیادہ مواقع نہ دئیے اور وقفے تک مقابلہ ایک صفر سے سوئٹزرلینڈ کے حق میں رہا۔کھیل کے 46 ویں منٹ پر سوئٹزرلینڈ کے ڈین نڈوئے نے اگلا گول کرکے ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔اس کے بعد الجزائر نے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی لیکن سوئٹزرلینڈ کے مضبوط دفاع کے سامنے اسے کوئی واضح موقع نہ مل سکا اور میچ دو صفر سے سوئٹزرلینڈ کے نام رہا۔یہ 1938 کے بعد پہلا موقع ہے جب سوئٹزرلینڈ نے ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔اس کامیابی کے ساتھ سوئٹزرلینڈ مسلسل چوتھی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔ سوئس ٹیم اب 7 جولائی کو وینکوور میں کولمبیا اور گھانا کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں