مصری کوچ نے جیت فلسطین کے نام کر دی، غزہ میں بھی جشن

مصری کوچ نے جیت فلسطین کے نام کر دی، غزہ میں بھی جشن

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) مصری فٹبال ٹیم کے کوچ حسام حسن نے عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی فلسطینی عوام کے نام کر دی۔

 میچ کے بعد حسام حسن نے گفتگو کے دوران کہا کہ میں یہ فتح مصری اور فلسطینی عوام کے نام کرتا ہوں، اللّٰہ فلسطینیوں کو کامیابی دے اور شہداء پر رحم فرمائے ۔فتح کے بعد وہ میدان میں مصر اور فلسطین کے پرچم بھی لے کر آئے ۔غزہ میں بھی لوگوں نے تباہ شدہ عمارتوں اور خیموں کے درمیان بڑی سکرینوں پر میچ دیکھا اور مصر کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں شائقین کو جشن مناتے اور بچوں کو چہروں پر مصر کے پرچم بنائے دیکھا گیا۔ ۔فلسطینی فٹبال شائقین نے بھی سوشل میڈیا پر مصر کی کامیابی کو اپنی خوشی قرار دیا۔غزہ سے تعلق رکھنے والے صارف نے لکھا کہ شاید پہلی بار وہ اتنے جوش و خروش سے ورلڈ کپ دیکھ رہے ہیں۔ان کے مطابق مصر کی جیت سے زیادہ خوبصورت منظر یہ تھا کہ ہزاروں افراد اپنے خیموں اور تباہ شدہ گھروں سے نکل کر میچ دیکھنے آئے جہاں ہر طرف مسکراہٹیں اور خوشی کی صدائیں سنائی دے رہی تھیں، گویا لوگوں نے تمام مشکلات کے باوجود زندگی کے چند خوشگوار لمحے خود کو تحفے میں دیے ہوں،واضح رہے کہ مصر اب عالمی کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے مدِ مقابل ہو گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں