سٹوکس کی متنازع ویڈیو، آئی سی سی کا کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ
لندن(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس کی متنازع ریٹائرمنٹ ویڈیو پر آئی سی سی نے ای سی بی کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بین سٹوکس نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔اس فیصلے سے متعلق ویڈیو انگلینڈ کے ڈریسنگ روم میں ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل شروع ہونے سے قبل ریکارڈ کی گئی جسے بعد میں میچ کے دوران براڈکاسٹرز اور سوشل میڈیا پر جاری کر دیا گیا۔آئی سی سی نے اس اقدام پر ای سی بی کو خط لکھتے ہوئے نشاندہی کی کہ ڈریسنگ روم میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو اور آڈیو کو میچ ختم ہونے سے پہلے جاری کرنا پلیئرز اینڈ میچ آفیشلز ایریا کے ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے ۔ یہ قوانین اینٹی کرپشن پروٹوکول کے تحفظ کیلئے نافذ کیے گئے ہیں۔رپورٹس سامنے آنے کے بعد بین سٹوکس نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ انداز میں ‘سیک ہم’ لکھ کر ردعمل دیا۔آئی سی سی نے 4 جولائی کو ای سی بی کو خط بھیجا تھا جس کا جواب موصول ہونے کے بعد معاملہ باہمی افہام و تفہیم سے ختم کر دیا گیا۔تاہم آئی سی سی اور ای سی بی کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔