قومی ہاکی کی بحالی میں دو سے تین سال لگیں گے :سمیع اللہ
دوبارہ عروج کی کوششیں جاری،نتائج کیلئے صبر کریں،چیئرمین سلیکشن کمیٹی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین سمیع اللہ خان نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے موجودہ انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سالہا سال کے زوال کو ختم کرنے کے لیے کم از کم دو سے تین سال کی مسلسل محنت درکار ہوگی، شائقین اور میڈیا نتائج کے لیے صبر کا مظاہرہ کریں۔چیئرمین سیلیکشن کمیٹی فلائنگ ہارس اولمپین سمیع اللہ خان نے کہا کہ پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی کی سرپرستی میں ہاکی کو دوبارہ عروج بام پر واپسی کے لیے عملی اور مخلصانہ اقدامات کر رہی ہے ۔ پی ایچ ایف کی جانب سے انڈر 18، انڈر 21اور سینئر سکواڈز کو دوبارہ فعال کر کے نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں قومی ٹیموں کو یکساں کیمپ، جدید سہولیات اور مکمل مالی و اخلاقی سپورٹ دی جا رہی ہے ۔ جبکہ بین الاقوامی معیار کے کوچز کی خدمات کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے جی پی ایس جیسی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے ۔قومی کھلاڑیوں کی رہائش، لاجسٹکس اور دیگر سہولیات کے معیار میں واضح بہتری لائی گئی ہے ۔فوری نتائج کی توقع رکھنے کے بجائے ہمیں عمل پر نظر رکھنی ہوگی۔ مجھے پورا اعتماد ہے کہ فیڈریشن بالکل درست سمت میں گامزن ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments