شکیب الحسن پر بنگلہ دیش میں کرکٹ کے دروازے بند
پہلے نرمی کی ،حسینہ واجد کی تقریب میں شرکت کے بعدرعایت نہیں ملے گی جو شخص آمرکیساتھ کھڑا ہو، اسکی واپسی کا کوئی امکان نہیں:وزیرکھیل امین الحق
ڈھاکہ (اے ایف پی) بنگلہ دیشی حکومت نے واضح کیا ہے کہ سابق سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات اب نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ انہوں نے معزول سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجدکی میڈیا تقریب میں شرکت کی۔شکیب الحسن نے بدھ کو نئی دہلی میں تقریب میں ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کی، جہاں شیخ حسینہ واجد نے صحافیوں سے خطاب کیا، یہ تقریب ان کے اقتدار سے بے دخلی کے دو سال بعد ہوئی۔وزیرِ کھیل امین الحق نے کہا کہ حکومت اب تک شکیب الحسن کے معاملے میں نرمی کا مظاہرہ کر رہی تھی لیکن اس اقدام کے بعد مزید رعایت کی کوئی گنجائش نہیں رہی،جو شخص ایک آمر کے ساتھ کھڑا ہو، اس کی واپسی کا کوئی امکان نہیں۔
39 سالہ شکیب الحسن اس وقت سری لنکا میں موجود ہیں اور گزشتہ سال حکومت مخالف مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن سے متعلق قتل کے مقدمات کی تحقیقات کا سامنا بھی کر رہے ہیں۔شکیب الحسن بنگلہ دیش کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 400 سے زائد بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں اور پانچ ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔اگرچہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے رواں سال جنوری میں شکیب الحسن کی ممکنہ واپسی کا عندیہ دیا تھا تاہم شیخ حسینہ کی تقریب میں ان کی شرکت کے بعد ان کے خلاف عوامی اور حکومتی ردعمل شدت اختیار کر گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments