اے سی سی انتخابات،بھارت کو مات ،پاکستانی پینل فاتح
قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے ڈائریکٹر ایشین کرکٹ کونسل بورڈ منتخب اے سی سی کے قیام کے بعد پہلی بار پاکستانی حمایت یافتہ پینل تینوں نشستیں جیتا
بنکاک (سپورٹس ڈیسک )ایشین کرکٹ کونسل کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست دے دی۔بنکاک میں ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ جنرل اجلاس میں اے سی سی بورڈ میں ڈائریکٹرز کی 3 نشستوں کے لئے انتخابات ہوئے ، جس میں پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز آمنے سامنے تھے ۔ذرائع کے مطابق کانٹے دار مقابلے میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کے تینوں امیدوار کامیاب ہو گئے ۔ اے سی سی صدر محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کے حمایت یافتہ کامیاب پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے ۔اے سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تینوں نشستیں حاصل کی ہیں۔ اس تاریخی کامیابی کو صدر اے سی سی محسن نقوی کی بڑی کامیابی اور ایشین کرکٹ کونسل میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں اگلے سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا،جس کیلئے 3 وینیوز سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کی تجویز دی گئی۔اجلاس میں دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ بجٹ پر بھی بحث ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments