فیلڈ مارشل آج تہران جائینگے:سید عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے:ایرانی وزارت خارجہ

فیلڈ  مارشل  آج  تہران جائینگے:سید عاصم  منیر  کا  دورہ  خطے  میں  امن  و  استحکام  کیلئے  پاکستان  کی  کوششوں  کا  تسلسل  ہے:ایرانی  وزارت  خارجہ

عاصم منیر کی ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت،امریکی پابندیوں،علاقائی صورتحال،مکہ معاہدے ، حوثیوں سے متعلق معاملات پر بات چیت متوقع تہران کووینزویلا بنانے کوشش ناکام ،مزاحمت دکھا کر دنیا کو حیران کر دیا،امریکا کے سامنے نہیں جھکیں گے :ایرانی صدر، آبنائے ہرمز میں جہازوں سے فیس لینے کی منظوری

تہران ،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)ایران اورامریکا میں دیرپا جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ایران کا دورہ کریں گے ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ ایران خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے ۔اسماعیل بقائی کے مطابق دورے کا مقصد ایران پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے ، پاکستانی چیف آف ڈیفنس فورسز ایران کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی کے درمیان ہفتے کو ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، دونوں نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔یاد رہے فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا ایران جنگ کے دوران اس سے پہلے بھی دو بار ایران کا دورہ کرچکے ہیں۔دو پاکستانی حکومتی ذرائع نے بھی رائٹرزسے گفتگو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ تہران کی تصدیق کی ہے ۔

ایک ذریعے کے مطابق ایران اور پاکستان مسلسل براہ راست رابطے میں ہیں۔ایک دوسرے پاکستانی ذریعے کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت، ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی جانے والی نئی پابندیوں کی دھمکی، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ مکہ معاہدے کے بعد کی صورتحال اور حوثیوں سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کریں گے ۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے ، جب ایران نے امریکا کی جانب سے مجوزہ نئی پابندیوں کے خلاف سخت ردعمل کا عندیہ دیا ہے ۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ہم اس وقت مکمل پیمانے کی معاشی، عسکری اور سکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔اتوار کو ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران کو ایک اور وینزویلا بنانے کوشش کی گئی، لیکن ایران ایسی طاقت کے طور پر اُبھرا جس نے مزاحمت دکھا کر دُنیا کو حیران کر دیا۔ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے دُشمنوں کو اُمید ہے کہ وہ مسائل کے ذریعے معاشرے میں تقسیم اور پھوٹ ڈال سکیں گے ۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم تقسیم، پھوٹ، تنازعات اور انا پرستی سے بچنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے ۔

مسعود پزشکیان نے ملک میں عوام کو درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی، روزگار اور معاشی مسائل پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کے باعث وسیع پیمانے پر اقتصادی، فوجی اور سکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہا ہے ۔ صدر پزشکیان نے ڈاکٹروں کے دن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای نے اپنی ملاقاتوں اور تقاریر میں عوامی طور پر اعلان کیا تھا کہ ہمیں نہ جنگ، نہ امن کی اس صورتحال سے باہر نکلنا چاہیے ۔ اس مقصد کے حصول کے لیے حکمت، تدبر، دانشمندی اور وقار کی بنیاد پر فیصلے کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے سامنے ذلت آمیز طور پر نہیں جھکیں گے ۔ ہم طاقت کے ساتھ، لیکن منطق کی بنیاد پر بیٹھ کر اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی معاشی جنگ وہی پرانی امریکی غنڈہ گردی ہے ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹرمپ کی دھمکی پرانی فلم ہے ، ہم کئی بار دیکھ چکے ہیں۔امریکی دھمکیوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، ہم دھمکیوں، پابندیوں سے خوفزدہ نہیں۔ امریکا کی تمام چالیں ناکام ہو چکی ہیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے وزیرِ خارجہ بدر البوسعیدی کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے موزوں حالات اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب بدر عبد العاطی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں خلیج فارس اور بحیرہ احمر کی صورتحال نیز خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری تازہ ترین سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت کی۔یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک بار پھر نہ جنگ، نہ امن کی کیفیت کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے طاقت کے ساتھ، مگر منطق کے ساتھ مذاکرات کرنا ممکن ہے ۔ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی نے آبنائے ہرمز میں جہازوں سے فیس لینے کی منظوری دی۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ فیس جہازوں کو فراہم کئے جانے والے ایندھن، انشورنس، حفاظت اور دیگر خدمات کے عوض وصول کی جائے گی۔ فیس ایرانی ریال میں بھی لی جا سکتی ہے اور کسی بھی دوسری کرنسی میں بھی ادائیگی ممکن ہوگی۔واضح رہے ایران نے مارچ کے آغاز سے ہی مو ثر طور پر آبنائے ہرمز کو زیادہ تر جہازوں کے لیے بند کر دیا ہے ، جو تیل کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے اور جہاں سے عام طور پر روزانہ تقریباً 2 کروڑ بیرل تیل اور دنیا کی ایل این جی کی تجارت کا تقریباً 20 فیصد گزرتا ہے ۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے تجزئیے میں کہا ہے کہ ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی امریکی کوششیں چین کے تعاون کے بغیر کامیاب ہونا مشکل ہیں۔ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایرانی تیل کا اہم ترین خریدار ہے ، جس کی وجہ سے واشنگٹن کے لیے بیجنگ کو نظر انداز کرنا آسان نہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے بینکوں، کمپنیوں، تیل کے تاجروں اور بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کرسکتا ہے ، لیکن اگر چین ایرانی تیل خریدتا اور تہران کے ساتھ تجارتی روابط برقرار رکھتا ہے تو ایران کے پاس آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ موجود رہے گا۔دوسری جانب چین کے پاس بھی امریکا پر معاشی دباؤ ڈالنے کے ذرائع موجود ہیں، بیجنگ امریکا کو درکار اہم معدنیات کی برآمد محدود کرکے امریکی ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کو متاثر کرسکتا ہے ، چین نے گزشتہ سال امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی کے دوران اہم معدنیات کی برآمد محدود کرکے اپنے معاشی اثر و رسوخ کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔تجزئیے کے مطابق یہی صورتحال واشنگٹن کے لیے ایک مشکل پیدا کرتی ہے ، امریکا ایران پر مزید پابندیاں عائد تو کرسکتا ہے ، لیکن چین کے تعاون کے بغیر ایران کو مکمل طور پر معاشی طور پر تنہا کرنا مشکل ہوگا۔چلی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 31 اگست سے ایران میں اپنا سفارت خانہ بند کر دے گی، تاہم اس بات پر زور دیا ہے کہ اس فیصلے کا مطلب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کا خاتمہ نہیں ۔چلی کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران میں سفارت خانہ بند ہونے کے بعد ملک کے قونصلر امور ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں موجود چلی کے قونصل خانے کے ذریعے انجام دئیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...