سیف گیمز2027:چار سے 11اپریل تک کرانے کی منظوری
اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیف گیمز 2027کی تیاریوں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ،آرگنائزنگ اور صوبائی کمیٹیوں کی بھی تشکیل نائب وزیراعظم کی وینیوز کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کے لئے اعلیٰ ترین انتظامی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیف گیمز 2027 کی تیاریوں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا، جس میں جنوبی ایشیائی اولمپک کمیٹی کے تعاون سے سیف گیمز 4 سے 11 اپریل 2027 تک کرانے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں سیف گیمز کیلئے نیشنل کوآرڈی نیٹر کی تقرری،اسٹیئرنگ، آرگنائزنگ اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔ سیف گیمز میں مجموعی طور پر 28 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ، جن میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے ۔سیف گیمز کے مقابلے اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہوں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیف گیمز 2027 کی تیاریوں سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
نائب وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ برقرار رکھنے اور وینیوز کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے اعلیٰ ترین انتظامی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔اسحاق ڈار نے پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا ہر ماہ اجلاس بلانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ طارق باجوہ، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ، صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments