پی ایس ایل:ڈیفالٹرز کو جلد ادائیگی کیلئے وارننگ جاری

پی ایس ایل:ڈیفالٹرز کو جلد ادائیگی کیلئے وارننگ جاری

فرنچائزز پی ایس ایل 12اپریل جبکہ براڈ کاسٹر جنوری میں کرانے کے خواہاں ہانگ کانگ سکسز کی طرز پر پی ایس ایل ٹیموں کے ٹورنامنٹ کی تجویز آگئی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے ڈیفالٹرز کو جلد ادائیگی کیلئے وارننگ جاری کر دی۔تفصیلات کے مطابق اس وقت پی ایس ایل کے بعض سٹیک ہولڈرز پر بھاری رقم واجب الادا ہے ،گزشتہ دنوں پی ایس ایل گورننگ کونسل کی لندن میں ہونے والی میٹنگ میں بورڈ حکام نے ڈیفالٹرز پر واضح کردیا کہ انہیں مکمل رقم ہر صورت میں ادا کرنا ہوگی۔اس موقع پر مذکورہ افراد کی جانب سے خود کو لاحق مالی چیلنجز سے آگاہ کیا گیا، یہ بھی بتایا گیا کہ ایران امریکا جنگ سے بھی معاملات پر فرق پڑا اور تاحال ریکوریز نہیں ہو پائیں، جس پر انہیں جواب ملا کہ وجوہات جو بھی ہوں واجبات دینا لازمی ہیں۔میٹنگ میں پی ایس ایل 12 کی ونڈو پر بات ہوئی، فرنچائزز اپریل جبکہ براڈ کاسٹر جنوری میں آغاز چاہتا ہے ۔ نمائندے نے کہا کہ بیشتر سپانسرز کی جانب سے بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہو جاتا ہے اس لئے سال کا آغاز ہی مقابلوں کیلئے مناسب ہے ۔اس پر انہیں ایک اونر نے جواب دیا کہ معاہدے میں حتمی تاریخوں کا تو ذکر نہیں تو پھر وہ بھی بورڈ کے فیصلے پر عمل کریں، ابھی سے اگر تاریخیں فائنل ہو گئیں تو انہیں سپانسر شپ کیلئے بھی مناسب وقت مل جائے گا۔پی سی بی نے فرنچائزز کو مشاورت کے بعد تجاویز دینے کا کہا ہے ۔میٹنگ میں ہانگ کانگ سکسز کی طرز پر پی ایس ایل ٹیموں کے ٹورنامنٹ پر بھی بات ہوئی تاہم اس پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...