مینز جونیئر ایشیا کپ ، پاکستان کا ملائشیا کو ہراکر برانز میڈل
مینز جونیئر ایشیا کپ ، پاکستان کا ملائشیا کو ہراکر برانز میڈل پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملائشیا کو 2-4 شکست دی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)مینز جونیئر ایشیا کپ کے برانز میڈل میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملائشیا کو 2-4 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن اور برانز میڈل حاصل کر لیا۔ میچ کا آغاز ملائشیا کی جانب سے جارحانہ انداز میں ہوا جس نے کھیل کے 11 ویں منٹ میں آدم جوہری کے فیلڈ گول اور 13 ویں منٹ میں فہمی سوزینی کے پینلٹی کارنر گول کی بدولت 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ تاہم پاکستان جونیئر ٹیم نے بہترین حکمت عملی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں زبردست واپسی کی۔پاکستان کی جانب سے رانا عبد السمیع نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 ویں اور 47 ویں منٹ میں دو فیلڈ گول سکور کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد 52 ویں منٹ میں محمد شہیر نے پینلٹی کارنر کو گول میں بدل کر پاکستان کو ملائشیا کے خلاف 2-3 کی برتری دلا دی۔ کھیل کے 56 ویں منٹ میں ولید رانا نے پینلٹی سٹروک پر گول کر کے پاکستان کی فتح 2-4 سے یقینی بنا دی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی جونیئر ٹیم اور آفیشلز کو اس فتح اور برانز میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments