بس ڈرائیور نے پاکستان والی بال ٹیم کو غلط جگہ اتاردیا
ایشین گیمز میں اصل جگہ جانے میں دیر ،میچ 45منٹ تاخیر سے شروع ہوسکا قومی کپتان مراد جہان برہم ،پاکستان نے ازبکستان کو 3-0سے شکست دے دی
اسلام آباد،ناگویا (سپورٹس رپورٹر ،اے ایف پی )جاپان میں جاری ایشین گیمز کے دوران منتظمین کی ناقص انتظامی کارکردگی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، جہاں پاکستان کی مردوں کی والی بال ٹیم کو لے جانے والی سرکاری بس غلط کھیلوں کے مرکز پہنچ گئی، جس کے باعث پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گروپ میچ 45 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔پاکستانی ٹیم کے کپتان مراد جہان نے بس سے جاری ایک ویڈیو میں واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جاپان میں جاری ایشین گیمز کی ایک اور بدانتظامی قرار دیا۔
پاکستانی ٹیم کو میزبان شہر ناگویا کے جنوب مشرق میں واقع اوکازاکی کے ایک میدان میں پہنچنا تھا تاہم بس ڈرائیو ر انہیں غلطی سے ایک دوسرے وینیو پر لے گیا جہاں والی بال کے مقابلے جاری تھے ،اس مقام سے درست میدان تک پہنچنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے ۔45منٹ تاخیر سے شروع ہونیوالے میچ میں پاکستان نے ازبکستان کو 3-0سے شکست دے دی ۔جنوبی کوریا کی مردوں کی باسکٹ بال ٹیم بھی میزبان جاپان کے خلاف فائنل سے قبل ہلکی پریکٹس کیلئے لے جانے والی بس نہ پہنچنے پر برہم ہوئی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments