ہانگ کانگ سکسز،پاکستان ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام
گروپ سی میں پاکستان دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے باوجود ایونٹ سے باہر ،ایونٹ میں پوزیشن کافیصلہ کرنے کیلئے عمان سے میچ ہوگا متحدہ عرب امارات کی سیمی فائنل میں رسائی ،بھارت کو 6وکٹوں سے شکست دیکر ہانگ کانگ سکسز ایونٹ سے باہر کردیا،خالد شاہ کی ففٹی
ہانگ کانگ(سپورٹس ڈیسک )ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہا جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ مونگ کوک میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے گروپ سی میں دوسری پوزیشن حاصل کی اورپلیٹ سیمی فائنل (کلاسیفیکشن میچ)میں پہنچی جہاں اس نے ہانگ کانگ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی،پلیٹ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ عمان سے ہوگا جس سے ایونٹ میں ٹیم کی پوزیشن کا فیصلہ ہوگا ۔گروپ سی کے میچ میں گزشتہ روز بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 6 وکٹوں پر 94رنز بنائے ۔ نٹراجن نے 14 گیندوں پر 38رنز کی اننگز کھیلی،زاہد علی نے 3 وکٹیں لیں ۔ یو اے ای نے 95 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 4.2اوورز میں حاصل کرلیا،کپتان خالد شاہ نے 14 گیندوں پر ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی ۔اس شکست کے بعد بھارت کی ہانگ کانگ سکسز کے کپ سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں ختم ہوگئیں گروپ مرحلے میں بھارت آخری پوزیشن پر رہا۔ یو اے ای گروپ سی میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرکے پہلی پوزیشن پر رہا ۔دوسری جانب دفاعی چیمپئن پاکستان بھی ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہا اور گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے باوجود ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments