انڈر 19 ایشیاکپ، حمزہ ظہور نے بھارت سے فتح چھین لی
بھار ت کی ٹیم208رنزبناکر آل آؤٹ ،ارجن راجپوت کی سنچری ،رضا ،رضوان اور نقاب کی 3،3وکٹیں ،پاکستان نے ہدف 7وکٹوں پرپوراکرلیا حمزہ ظہور نے 100رنز کی اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کرلیا ،حسنین کے 38رنز،پاکستان گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن پر موجود
مسقط(سپورٹس ڈیسک )پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو3وکٹوں سے شکست دے دی۔مسقط میں ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے 209 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کر لی۔ابتدا میں 61 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی تھی تاہم حمزہ ظہور نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست سنچری بنا کر بھار ت سے فتح چھین لی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا، انہیں پلیئرآف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا،انہوں نے 7ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 108گیندوں پر 100رنزبنائے ،جس میں 3چھکے اور 10چوکے شامل تھے ،حسنین عباس نے بھی 38 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا،عبدالقادر نے20اورعثما ن خان نے 16رنز بنائے ۔اس سے قبل بھارتی انڈر 19 ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3اوورزمیں 208 رنزبناکر آل آؤٹ ہوگئی، ارجن راجپوت 107 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے ۔ پاکستان کی جانب سے رضااللہ، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان گروپ اے میں 2میچز جیت کر ٹاپ پوزیشن پر ہے ،بھارت دوسرے ،متحدہ عرب امارات تیسرے اور نیپال چوتھے نمبر پرہے ۔گروپ بی میں افغانستان ،بنگلہ دیش ،سری لنکا اور ملائیشیا بالترتیب پہلے سے چوتھے نمبر پر براجمان ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments